9 جنوری 2021 - 14:09
بلوچستان؛ مچھ کے مظلوم شیعوں کے قتل عام پر اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کا تعزیتی بیان/اس خوفناک جرم نے پیروان اہل بیت(ع) کے دلوں کو مجروح کر دیا

مچھ میں داعشی دھشتگردوں کے ہاتھوں شہید کئے جانے والے مظلوم شیعہ مسلمانوں کے خلاف رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے تعزیتی بیان جاری کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں داعشی دھشتگردوں کے ہاتھوں شہید کئے جانے والے مظلوم شیعہ مسلمانوں کے خلاف رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے تعزیتی بیان جاری کیا ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے بیان میں بین الاقوامی معاشرے سے اپنی قانونی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں پر عمل کرنے کی اپیل کے ساتھ انہیں انتہا پسند اور جرائم پیشہ دھشتگرد گروہ داعش کے خطرے کی طرف متوجہ کیا گیا ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے نیز آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی کا انکے راہگشا پیغام کی بنا پر شکریہ ادا کرنے کے علاوہ پاکستان کے وزیر اعظم کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے پاس حاضر ہو کر انہیں تسلی دی۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے بیان کا ترجمہ حسب ذیل ہے۔


بسم الله الرحمن الرحیم
و سیعلم الذین ظلموا ایّ مُنقَلَبٍ یَنقَلِبون


ایک بار پھر تکفیری دھشتگردوں کے ہاتھوں پاکستان کے مظلوم مسلمانوں کا خون بہایا گیا۔
دھشتگرد تکفیری گروہ داعش نے صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے ہزارہ برادری کے ۱۱ کان کنوں کو ذبح کر کے جس جرم کا ارتکاب کیا ہے اس سے ایک بار پھر تمام انسانوں خصوصا پیروان اہل بیت علیہم السلام کے دل مجروح ہو گئے اور ان میں اس دردناک جرم کی نسبت غم و غصہ کی لہر دوڑ آئی۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اس دھشتگردانہ اور غیرانسانی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتی ہے اور ان کے لیے صبر و اجر کی دعا کرنے کے ساتھ ساتھ تمام بین الاقوامی تنظیموں خصوصا اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ اپنی قانونی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے اس طرح کے بہیمانہ جرائم کے ارتکاب کا سد باب کرے اور دھشتگردی کے ساتھ مقابلے کو سنجیدگی سے لے، اور نیز ان تنظیموں کو یہ جان لینا چاہیے کہ اس انتہا پسند اور جرائم پیشہ ٹولے کا خطرہ نہ صرف شیعہ برادری یا مسلمانوں کو ہے بلکہ تمام انسانیت اس خطرے سے جوجھ رہی ہے لہذا اس کے مقابلے کے لیے ٹھوس اور مضبوط اقدامات اٹھائے جائیں۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی خود پر ضروری سمجھتی ہے کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی (حفظہ اللہ) کی قدردانی کرے کہ آپ نے اپنے راہگشا پیغام کے ذریعے شہداء کی تدفین کے حوالے سے پیدا ہونے والے مشکلات کو دور کیا، نیز علمائے پاکستان کا بھی شکریہ ادا کرتی ہے کہ انہوں نے مرجعیت کے دستور کی حمایت میں ٹھوس موقف اپنایا۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی پاکستان کے وزیر اعظم "عمران خان" کی بھی شکرگزار ہے کہ انہوں نے ہزارہ شیعوں کی مظلومیت کا اعتراف کیا اور کوئٹہ کا دورہ کر کے نزدیک سے شہداء کے اہل خانہ کو تسلی و تشفی دی، نیز پاکستان کے دیگر حکومتی، عسکری اور سیکیورٹی عہدیداروں کا بھی شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے   اپیل کرتی ہے کہ اس دھشتگردانہ واقعے کے عاملین کو تلاش کر کے انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے واقعات کے دوبارہ تکرار ہونے کا سد باب ہو۔
آخر میں اس عظیم مصیبت کے موقع پر ستم دیدہ گھرانوں کو تسلیت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے صبر و اجر نیز شہدا کے لیے بلندی درجات کی دعا کرتے ہیں۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی
24 جمادی الاول 1442
8 جنوری 2021


خیال رہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے  ہزارہ برادری کے 11 کان کنوں کو گزشتہ ہفتے داعشی دھشتگردوں نے دردناک طریقے سے ذبح کر دیا جس کے بعد پورے ملک میں تمام مسلمانوں کے درمیان غم و غصے کی ایک لہر دوڑ گئی۔

........

242